گھریلو مسائل

میاں بیوی ایک دوسرے کو کن الفاظ سے پکاریں

فتویٰ نمبر:۴

کیا فرماتے ہیں علماے دین و مفتیان شرع متین کہ زوجین ایک دوسرے کے لئے محبت میں” میرا بابو ، میرا سونا ، میری بی بی ، میری جان ، میرا بچہ ، میری بچی ، مائی بے بی ، وغیرہ الفاظ بول سکتے ہیں ؟ اور زوجین ایک دوسرے کو کن الفاظ سے یاد نہیں کر سکتے ہیں ؟ کیا کوئی ایسا بھی لفظ ہے جس کو بولنے سے زوجین ایک دوسرے پر ہمیشہ کے لیے حرام ہو جائیں یا نکاح ٹوٹ جائے ؟ رہنمائی فرمائیں بڑی مہربانی ہوگی ۔

المستفتی : محمد شمیم، کٹواں ڈیہواں، بنارس

الجواب بعون الملک الوھاب

صورت مسئولہ میں زوجین کا ایک دوسرےکو میرا بچہ ،میری بچی، مائی بےبی جیسے الفاظ سے یاد کرنا سخت ممنوع و مکروہ ہے ، اور اس کے علاوہ میری جان ، میری بی بی میرا سونا کہنا کوئی حرج نہیں رکھتا ۔
فتاوی ہندیہ میں ہے:’’ لوقال لھا : انت امی لایکون مظاھرا و ینبغی ان یکون مکروہا ‘‘ ( ج ۱: ص ۵۶۴:)
در مختار میں ہے:’’ و یکرہ قولہ : "انت امی و یا ابنتی و یا اختی و نحوہ‘‘ رد المختار میں ہے :’’ ومعنی النہی قربہ من لفظ التشبیہ ولولا ھذاا لحدیث لامکن ان یقول ھو ظھار ،لان التشبیہ فی انت امی اقوی منہ ذکرا لا داۃ‘‘
(ج: ۵،ص:۱۳۱ )
بہار شریعت میں ہے:’’ عورت کو ماں یا بیٹی یا بہن کہا تو ظہار نہیں مگر ایسا کہنا مکروہ ہے۔‘‘( ج: ۲، ص: ۲۰۷) شوہر کا اپنی زوجہ یا اس کے کسی جز و شائع یا ایسے جز کو جو کل سے تعبیر کیا جاتا ہے ایسی عورت سے تشبیہ دینا جو اس پر ہمیشہ کے لیے حرام ہو یا اس کے کسی ایسے عضو سے تشبیہ دینا جس کی طرف دیکھنا حرام ہے سخت نا جائز و حرام ہو ، اسے ظہار کہتے ہیں جس سے عورت شوہر کے لئے حرام ہو جاتی ہے جب تک شوہر کفارہ نہ دے دے ۔
فتاویٰ ہندیہ میں ہے:’’ الظھار ھو تشبیہ الزوجۃ او جزء منھا شائع او معبر بہ عن الکل بما لا یحل النظر الیہ من الحرمۃ علی التابیہ ، و حکم الظھار حرمۃ الوطی و الدواعی الی غایۃ الکفارۃ ‘‘ ( ج: ۱، ص: ۵۶۳ )و اللہ تعالیٰ اعلم

کتبہ
محمدامتیاز امجدی غفرلہ
خادم تاج الشریعہ دار الافتاء لوہتہ بنارس

قد صح الجواب ،واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
واجد علی امجدی
خادم تاج الشریعہ دار الافتاء لوہتہ بنارس

ربیع النور ۱۴۴۵ ھ ؍۱۹ ستمبر ۲۰۲۳ ء
الجواب صحیح ،واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
فقیر فیضان المصطفیٰ قادری غفرلہ
بانی وسرپرست جامعہ امام اعظم ابو حنیفہ ،لکھنؤ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے