متفرقات

دینی مدارس میں عربی وغیرہ لکھے ہوئے غیر ضروری کاغذات کا مسئلہ

فتویٰ نمبر: ۷۱

کیا فرماتے ہیں علماے دین و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں کہ، دینی مدارس میں غیر ضروری کاغذات ہوں جن پر اردو، عربی اور قرآن و حدیث کے کلمات لکھی ہوں ، انہیں سپرد آگ(جلانا) کرنا کیسا ہے؟ اگر ناجائز ہے ان کاغذات کو کیاکیا جائے ؟ جواب عنایت فرمائیں۔
المستفتی: محمد مطیع الرحمٰن ، بنارس ، لوہتہ، بنارس

الجواب بعون الملک الوھاب
ایسے کاغذات جن میں قرآنی آیات اور احادیث کریمہ یا اسماء الٰہیہ و انبیا و رسل لکھے ہوں انہیں یونہی عبارت مذکورہ کے ساتھ جلانے کی اجازت نہیں ، اگر جلانا ہو تو اس سے عبارات قرآن و حدیث اور اسماء مذکورہ کو مٹا کر جلا سکتے ہیں ، اور سب سے بہتر یہ ہے کہ انہیں کسی پاک جگہ پاک کپڑے میں لپیٹ کر دفن کر دیا جائے یا پھر کسی غیر مستعمل کنویں یا تالاب میں کسی وزنی پتھر وغیرہ کے ساتھ ڈال دیا جائے۔
در مختار میں ہے: ’’ الکتب التی لا ینتفع بھا یمحی عنھا اسم اللہ و ملا ئکتہ و رسلہ و یحرق الباقی ولا باس بان تلقی فی ماء جار کما ھی او تدفن و ھو احسن کما فی الانبیاء‘‘اسی کے تحت ردالمحتار میں ہے: ’’ و کذا جمیع الکتب اذا بلیت و خرجت عن الانتفاع بھا یعنی ان الدفن لیس فیہ اخلال بالتعظیم لان افضل الناس یدفنون ، و فی الذخیرۃ ، المصحف اذا صار خلقاو تعذر القرأۃ منہ لا یحرق بالنار الیہ اشار محمد و بہ ناخذ ولا یکرہ دفنہ و ینبغی ان یلف بخرفۃ طاھرۃ و یلحد لہ لانہ لو شق و دفن یحتاج الیہ اھالۃ التراب علیہ و فی ذالک نوع تحقیر الااذا جعل فوقہ سقف وان شاء غسلہ بالماء او وضعہ فی موضع طاھر لا تصل الیہ لا محدث ولا غبار ولا قذر تعظیما لکلام اللہ عزوجل ‘‘ ( ج:۹، ص:۶۰۵) فتاویٰ رضویہ میں ہے: ’’ البتہ قواعدبغدادی و ابجد اور سب کتب غیر منتفع بھا ما ورائے مصحف کریم کو جلادینا بعد محو اسماے باری عزاسمہ اور اسمائے رسل و ملائکہ ﷺ اجمعین کے جائز ہے۔ ‘‘ (ج:۲۳، ص:۳۴۰) والله تعالیٰ اعلم

کتبہ
محمد امتیاز امجدی غفرلہ
خادم تاج الشریعہ دارالافتاء ،لوہتہ بنارس

قد صح الجواب ،واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
واجد علی امجدی
خادم تاج الشریعہ دارالافتاء ،لوہتہ بنارس
۱۷؍ محرم الحرام ۱۴۴۷ھ؍ ۱۳؍ جولائی ۲۰۲۵ء

الجواب صحیح،واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
فقیر فیضان المصطفیٰ قادری غفرلہ
بانی وسرپرست جامعہ امام اعظم ابوحنیفہ ،لکھنؤ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے