فتویٰ نمبر:۲۶
کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیانِ شرع متین اس مسئلہ میںکہ لپ اسٹک آئی لائنر اور ا ن کے علاوہ دیگر میک اپ کی چیزوں کااستعمال کیسا ہے جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان میں الکوحل ملا ہوتا ہے برائے کرم جواب عنایت فرماکرشکریہ کا موقع فراہم کریں؟
المستفتی:زارہ قادری ،دربھنگہ(بہار)
الجواب بعون الملک الوھاب
لپ اسٹک خواہ بناؤ سنگارکی دوسری اشیاکے متعلق جب تک یقین سے معلوم نہ ہوکہ اس میں نجس چیز ملی ہوئی ہے وہ پاک ہے اور اس کا استعمال بھی جائز ورواہے ،اس لیے کہ اشیا میں اصل طہارت ہے ،اورطہارت اس وقت تک قائم جب تک نجاست کا علم ویقین نہ ہوفقط شک وشبہ کافی نہیں،ردالمحتارمیں ہے:’’صرح فی التحریربأن المختاران الأصل الاباحۃ عندالجمھور من الحنفیۃ والشافعیۃ‘‘(ج:۱،ص:۲۲۱)’’الاشباہ والنظائر‘‘ میں ہے:’’شک فی وجودالنجس فالاصل بقاء الطھارۃ‘‘(الاشباہ مع الحموی،ج:۱،ص:۱۸۸)الحدیقۃ الندیۃ ‘‘میں ہے:’’لاحرمۃ الامع العلم لامع الشک والظن لان الاصل فی الاشیاء الحل‘‘ (ج:۲،ص:۷۳۸)واللہ تعالیٰ اعلم ۔
کتبہ
محمد امتیاز امجدی غفرلہ
خادم تاج الشریعہ دارالافتاء ،لوہتہ بنارس
قد صح الجواب ،واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
واجد علی امجدی
خادم تاج الشریعہ دارالافتاء ،لوہتہ بنارس
۱۷؍ذی القعدۃ ۱۴۴۵ھ؍۲۶؍مئی ۲۰۲۴ء
الجواب صحیح،واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
فقیر فیضان المصطفیٰ قادری غفرلہ
بانی وسرپرست جامعہ امام اعظم ابوحنیفہ ،لکھنؤ
